جمعرات 23 جولائی 2026 - 00:31
انسانی عزت و وقار کا تحفظ، اسلامی معاشرے کی بنیاد ہے: آغا سید حسن الموسوی الصفوی

حوزہ/سات صفر المظفر کی مناسبت سے انجمنِ شرعی شیعیانِ جموں وکشمیر کے زیرِ اہتمام مجالسِ عزاء اور جلوس عزا کا پُر وقار انعقاد ہوا؛ جن میں عزاداروں نے بھرپور شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انجمنِ شرعی شیعیانِ جموں و کشمیر کے زیرِ اہتمام ماہ صفر المظفر کی مناسبت سے وادی کے طول و عرض میں مجالسِ عزاء اور جلوس ہائے عزاء کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی کے طور پر سات صفر المظفر کو انجمن کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی قیادت میں ڈرہ بل بمنہ اور ٹینگ پورہ اُڑینہ، سوناواری میں پُر خلوص اور روح پرور مجالسِ حسینی کا انعقاد کیا گیا۔

انسانی عزت و وقار کا تحفظ، اسلامی معاشرے کی بنیاد ہے: حجت الاسلام سید مجتبیٰ عباس

ان مجالس میں انجمن کے ذاکرین نے مرثیہ خوانی اور مصائب آل محمدؐ کو بیان کرکے فضائے غم کو مغموم تر کر دیا۔

ڈرہ بل بمنہ میں عزاداروں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی، جہاں صدرِ انجمن کے نمائندے حجۃ الاسلام سید مجتبیٰ عباس الموسوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام میں انسانی جان کے ساتھ ساتھ انسانی عزت، وقار اور شخصیت کو بھی غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید اور سیرت اہل بیت اطہارؑ انسان کو نہ صرف ایک ذمہ دار فرد بلکہ ایک باوقار اور بااخلاق معاشرہ تشکیل دینے کی تعلیم دیتے ہیں۔

انہوں نے قرآن کریم کی آیات اور ائمۂ معصومینؑ کے ارشادات کی روشنی میں کہا کہ جس طرح کسی بے گناہ انسان کا قتل پوری انسانیت کے قتل کے مترادف ہے، اسی طرح کسی انسان کی عزت، آبرو اور شخصیت کو مجروح کرنا بھی اسلام کی نظر میں سنگین گناہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مومن کی عزت اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ امانت ہے، اس لیے کسی فرد کی تحقیر، تذلیل، بہتان تراشی، کردار کشی اور سوشل میڈیا پر اس کی عزت کو پامال کرنا اسلامی تعلیمات کے سراسر منافی ہے۔

انسانی عزت و وقار کا تحفظ، اسلامی معاشرے کی بنیاد ہے: حجت الاسلام سید مجتبیٰ عباس

مولانا سید مجتبیٰ عباس موسوی نے کہا کہ اہل بیت اطہارؑ کی سیرت ہمیں دوسروں کی عزت و احترام، احسان، عفو و درگزر اور خوش اخلاقی کا درس دیتی ہے۔

انہوں نے حضرت امام حسینؑ، حضرت امام سجادؑ، حضرت امام صادقؑ، حضرت امام ہادیؑ اور امیرالمؤمنین حضرت علیؑ کے فرامین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حقیقی مومن وہی ہے جو اپنی زبان، کردار اور عمل سے کسی دوسرے انسان کی عزت کو نقصان نہ پہنچائے اور ہر حال میں خیر، نیکی اور خدمت خلق کو ترجیح دے۔

انہوں نے کہا کہ قرآن مجید انسان کو نیکی کے کاموں میں سبقت حاصل کرنے، صدقہ و خیرات میں جلدی کرنے، دوسروں کی مدد کرنے اور اللہ تعالیٰ کی مغفرت کے حصول کے لیے مسلسل کوشش کرنے کی تلقین کرتا ہے۔

انسانی عزت و وقار کا تحفظ، اسلامی معاشرے کی بنیاد ہے: حجت الاسلام سید مجتبیٰ عباس

انہوں نے زور دیا کہ خیر کے کاموں میں تاخیر نہیں بلکہ تعجیل ہونی چاہیے کیونکہ یہی اسلامی معاشرے کی حقیقی روح ہے۔

انہوں نے لباس، حیا اور انسانی وقار کے موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نے لباس کو صرف جسم ڈھانپنے کا ذریعہ نہیں بلکہ انسان کی عزت، عفت اور شخصیت کے تحفظ کا وسیلہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر قوم کی ثقافت اور تہذیب کا احترام کرتے ہوئے اسلامی اصولوں کے مطابق زندگی گزارنا ہی ایک باوقار معاشرے کی بنیاد ہے۔

مولانا سید مجتبیٰ عباس موسوی نے معاشرے میں بڑھتے ہوئے اخلاقی انحطاط، الزام تراشی، غیبت، بہتان اور سوشل میڈیا کے منفی استعمال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان برائیوں سے نہ صرف افراد کی عزت مجروح ہوتی ہے، بلکہ پورا معاشرہ اخلاقی زوال کا شکار ہو جاتا ہے۔

انہوں نے عوام خصوصاً نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اہل بیتؑ کی سیرت کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں، دوسروں کی عزت و حرمت کا خیال رکھیں اور ہر ایسے عمل سے اجتناب کریں جو معاشرتی نفرت، تفرقہ یا اخلاقی بگاڑ کا سبب بنے۔

انسانی عزت و وقار کا تحفظ، اسلامی معاشرے کی بنیاد ہے: حجت الاسلام سید مجتبیٰ عباس

انہوں نے آخر میں حضرت امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کی شہادت کے ایام کا تذکرہ کرتے ہوئے ان کی مظلومیت، صبر، حلم اور امت مسلمہ کے لیے ان کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ امام حسن مجتبیٰؑ کی سیرت امت کے لیے اتحاد، صبر، حلم اور اخلاق حسنہ کا بہترین نمونہ ہے، اور موجودہ دور میں ان تعلیمات پر عمل کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

انہوں نے حاضرین سے اپیل کی کہ وہ قرآن و اہل بیتؑ کی تعلیمات کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں نافذ کریں، انسانی عزت و احترام کو ہر حال میں مقدم رکھیں، نیکی، احسان اور خدمت خلق کو اپنی زندگی کا شعار بنائیں اور ایک ایسے معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں جو عدل، احترام، اخوت اور اسلامی اخلاقیات کی بنیاد پر استوار ہو۔

مجلس کے اختتام پر ڈرہ بل بمنہ سے جدید امام باڑہ ڈرہ بل تک ایک باوقار جلوس علم شریف برآمد ہوا، جس میں مختلف علاقوں کے دائرہ حسینی نے بھرپور شرکت کی۔ جلوس کے دوران نوحہ خوانی اور ماتمداری کے ذریعے امام حسینؑ اور اُن کے باوفا اصحاب کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

انسانی عزت و وقار کا تحفظ، اسلامی معاشرے کی بنیاد ہے: حجت الاسلام سید مجتبیٰ عباس

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha